کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جس سے لوگ حیران رہ گئے، ایک شرارتی بندر نے پورے ملک کی بجلی بند کر دی۔
سری لنکا کے وزیر توانائی کماریہ جےاکوڈی نے کہا کہ بجلی کی بندش کا واقعہ سری ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔ جب ایک بندر گرڈ ٹرانسفارمر کے رابطے میں آگیا، جس سے بجلی کے پورے نظام میں عدم توازن پیدا ہوگیا۔
یہ واقعہ جنوبی کولمبو کے ایک مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔ بجلی کی فراہمی شام 6 بجے مقامی وقت پر مکمل بحال ہوئی،تاہم اس حوالے سے سری لنکن نیوز آؤٹ لیٹ ڈیلی مرر کے رپورٹر نے بتایا کہ اس بلیک آؤٹ کی وجہ سے پانی کی فراہمی میں بھی خلل آیا۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے عوام نے 2022 کی گرمیوں میں کئی مہینوں تک بجلی کے بلیک آؤٹ کا سامنا کیا تھا جب ملک شدید اقتصادی بحران کا شکار تھا۔ پٹرول اور ڈیزل کی کمی کے باعث پیٹرول پمپس بند ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے تھرمل پاور اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی میں 13 گھنٹے کی حد لگانی پڑی تھی۔