کراچی:سربراہ پاک بحریہ نے نویں کثیرالقومی بحری مشق امن میں شریک غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ کیا، کمانڈنگ آفیسرز نے نیول چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔
نیول چیف بنگلہ دیش ،جاپان، چین، امریکا اور انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے جہازوں پر گئے اس کے ساتھ ایران، ،سری لنکا، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات کے بحری جہازوں کا بھی دورہ کیا۔
سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان محفوظ سمندری ماحول اور امن و امان کے لیے مشترکہ کوششوں پریقین رکھتا ہے۔ پاک بحریہ خطے میں امن کیلئے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول اور امن مشق جیسے اقدامات کررہی ہے۔
امن مشق خطے میں قیام امن،علاقائی بحری سلامتی اور بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ان سے شروع ہونے والا تعاون اور شراکت داری مستقبل میں مزید فروغ پائے گی اور امن اور خوشحالی کے باہمی مقصد کے قریب لائے گی۔
بحری سپہ سالار نے امن کے لیے متحد کے مشترکہ عزم کو پورا کرنے کے لیے امن مشق میں ان ممالک کی شرکت کو سراہا۔
امیرالبحر نے سینئرعسکری حکام اور کمانڈنگ آفیسرز سے بھی ملاقات کی اور نیول چیف کو جہازوں پر بریفنگز بھی دی گئیں ۔