لاہور:(92 نیوز ) پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے یوم سیاہ کے احتجاج سے قبل صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
صوبہ بھر میں 8 فروری کو ہر قسم کے سیاسی احتجاجی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق 8 فروری سے ہر قسم کے سیاسی احتجاج، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کی بحالی اور انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور صوبائی انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اپنے حلقوں میں انتخابی دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایک ذمہ دار سیاسی جماعت ہے اور ان کا احتجاج آئینی اور قانونی حق ہے۔