لاہور:(ویب ڈیسک) آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے آفیشل ترانہ جاری کیا، ' جیتو بازی کھیل کے' جس کو پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے۔
عاطف اسلم نے کہا کہ "پاکستان اور بھارت کے میچز ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں، یہ وہ لمحے ہوتے ہیں جو جذبوں سے معمور اور انتہائی شدت رکھتے ہیں۔
آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز صرف 12 دن دور ہے اور اس ایونٹ کے آفیشل گانے کی لانچنگ ہوئی ہے۔ یہ گانا "جیتو بازی کھیل کے" کہلاتا ہے، جسے عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے، عدنان دھول اور اسفند یار اسد کی دلکش دھنوں کے ساتھ۔ اس گانے میں عاطف اسلم کی آواز کا جادو شامل ہے، جو پاکستان اور یو اے ای میں ہونے والے اس عالمی کرکٹ ایونٹ کے جوش و خروش کو زندہ کرتا ہے۔
اس گانے کے ہمراہ جاری کی گئی ویڈیو میں پاکستان کی شاندار ثقافت کی جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔ گلیوں، بازاروں اور اسٹیڈیمز کی متحرک تصاویر کے ذریعے یہ ویڈیو کرکٹ کے شائقین میں جذبات کی لہر پیدا کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ یہ گانا اب دنیا کے مشہور پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے، جہاں سے شائقین اسے بآسانی سن سکتے ہیں۔
عاطف اسلم نے اس گانے کا حصہ بننے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور اسے اپنی زندگی کے "خاص لمحے" سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا، "میں کرکٹ کا بہت بڑا مداح ہوں اور ہمیشہ سے فاسٹ باؤلر بننے کا خواب دیکھتا رہا ہوں۔ کھیل کے لیے میری محبت بہت گہری ہے، اور میں میدان میں موجود ہجوم کے جوش و خروش اور خوشی کی شدت کو خوب سمجھتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی سے قبل بڑا امتحان! سہ فریقی سیریز کا کل سے آغاز، پاک نیوزی لینڈ مدمقابل
عاطف اسلم نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے ہمیشہ ایک الگ ہی اہمیت رکھتے ہیں، ان میں نہ صرف جوش ہوتا ہے بلکہ یہ جذباتی طور پر بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آفیشل گانا بنانا میرے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔
آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر انوراگ دہیا نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے اس گانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، "ہمیں آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آفیشل گانا لانچ کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ایونٹ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گا، جس میں دنیا کی بہترین آٹھ ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔