لاہور: (92 نیوز) چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹرائی نیشن سیریز کا چیلنج۔ پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہوگا۔ پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جو کہ ڈے اینڈ نائٹ میچ ہوگا اور دن دو بجے میچ کا آغاز ہوگا۔
قومی ٹیم محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترے گی، مہمان کیوی ٹیم کی قیادت مچل سینٹنر کریں گے۔ دونوں ٹیموں نے ون ڈے سیریز کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، قومی ٹیم نے کوچز کی نگرانی میں بھرپور پریکٹس سیشن کیے۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ کی مشقیں کیں اور فیلڈنگ کی خامیوں پر بھی توجہ دی۔
یہ بھی پڑھیں: نئے قذافی اسٹیڈیم کا 7 فروری کو افتتاح: تیاریاں مکمل
ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 116 میچز میں سامنا ہوا، جس میں سے شاہینوں کا 61 میچز جیت کر پلڑا بھاری ہے، جبکہ کیویز کے حصے میں 51 بار کامیابی آئی ہے، 3 میچز بے نتیجہ رہے ایک میچ برابر ہوا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ون ڈے سیریز 2023 میں پاکستان میں کھیلی گئی، اس سیریز میں پاکستان چار ایک سے فاتح رہا تھا، اوپنر فخر زمان نے پہلے دونوں میچز میں سنچری اسکور کی تھی، فخرزمان نے ناٹ آؤٹ 180 رنز کی اننگز بھی اسی سیریز میں کھیلی تھی۔