لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) کیلی فورنیا اور لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ پر 24 دن بعد قابو پالیا گیا۔ 29 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ ہزار وں ایکڑ پر پھیلے جنگل، ہالی ووڈ کی نامورشخصیات سمیت ہزاروں لوگوں کے گھرتباہ ہوئے۔ امریکی حکام آگ لگنے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
جنوبی کیلیفورنیا کے علاقوں ایٹن اور پیلیسڈیس میں 7 جنوری سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔ 24 روز قبل لگنے والی آگ نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی۔ ہزاروں ایکڑ رقبے پر جنگلات اور ہزاروں گھر جلا کر راکھ کر دیئے۔
آگ کی شدت میں شدیدخشک سالی اور تیز ہواؤں نے اضافہ کیا ۔آگ مالیبو کے مشرق میں پیلیسڈیس میں لگی اورتیزی سے پھیلی۔ جبکہ ایٹن دوسرا مقام تھا کہ جہاں جنگل میں اسی دوران آگ لگی۔ ہوائیں اتنی تیز تھیں کہ چند ہی گھنٹوں میں آگ وسیع علاقے پر پھیل گئی۔ جسے فوری کنٹرول کرنے کیلئے فائر فائٹرز کیلئے ممکن نہ ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں: لاس اینجلس میں لگی آگ تیز ہواؤں کے باعث مزید بے قابو ہوگئی
آگ لگنے کے بعد ہالی ووڈ کی نامور شخصیات سمیت ہزاروں افراد متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام پرمنتقل ہوئے۔ آگ لگنے کے نتیجے میں 29 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں سے 17 اموات ایٹن فائر سے اور 12 کا تعلق پیلیسیڈس فائرسے ہوئیں۔
کیلی فورنیا ڈیپارٹمنٹ آف فاریسٹری اینڈ فائر پروٹیکشن کے مطابق، پیلیسڈیس کی آگ سے 23 ہزار 448 ایکڑ رقبہ جل کر خاکستر ہوگیا، جس سے 6837 ڈھانچے/ گھر تباہ اور ایک ہزار سے زیادہ کو نقصان پہنچا۔
ایٹن آگ نے 14،021 ایکڑ اراضی کو جلا کر راکھ کیا۔ شہری علاقوں میں تقریباً 4 ہزارایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔جس سے 9 ہزار 418 عمارتیں تباہ ہوئیں۔ رواں ہفتے کے شروع میں اس موسم کی پہلی بارش ہوئی جس سے فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں مدد ملی۔