Tuesday, April 30, 2024

یورپ اور امریکا بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ،برطانیہ میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا

یورپ اور امریکا بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ،برطانیہ میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا
January 14, 2017

لندن(92نیوز)یورپ اورامریکا بدستور سرد موسم اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔برطانیہ میں برفباری اور بارشوں نےسیلاب کے خطرہ میں اضافہ کردیا ہے۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سےجنوبی انگلینڈ کےساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگ محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے متعدد پروازیں منسوخ جبکہ ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔۔

تفصیلات کےمطابق یونان میں پانچ روز سے جاری شدید برفباری نے رہائشیوں کو گھروں میں محصور کردیا، سیاح برف میں پھنس گئے، ٹریفک، بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جرمنی میں برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئی ہیں مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہے امریکا کی مغربی ریاستوں میں کہیں برفباری میں کمی ہوئی تو کہیں شدید برفباری کے خطرات موجود ہیں۔ریاست نیواڈا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے، لوگوں کو احتیاط کی ہدایت کردی گئی۔ کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہائی وے کو شدید نقصان پہنچا ہے، بارشیں اور سیلاب کے باعث ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔ دوسری جانب برفباری مشکل تو لائی لیکن ساتھ ہی خوبصورت نظارےبھی تخلیق کر دئیے۔برف نےکیلی فورنیا کےنیشنل پارک کو خوابوں کی حسین وادی میں بدل دیا ہے۔