Thursday, September 19, 2024

یمن سے پاک بحریہ کا جہاز 182 افراد کو لیکر کراچی پہنچ گیا

یمن سے پاک بحریہ کا جہاز 182 افراد کو لیکر کراچی پہنچ گیا
April 8, 2015
کراچی (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت یمن میں پھنسے ایک سو چھیالیس پاکستانیوں سمیت ایک سو بیاسی افراد کو لے کر کراچی پہنچ گیا۔ غیرملکیوں میں بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔ پاک بحریہ کے مطابق یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کرآنے والا پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت ایک سو بیاسی افراد کو لے کر کراچی پہنچا۔ جہاز میں ایک سو چھیالیس پاکستانی اور 36 غیرملکی مسافر شامل ہیں۔ ان کا استقبال پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل مختار خان جدون نے کیا۔ جنگ زدہ ملک یمن سے کراچی پہنچنے پر جہاں پاکستانی خوش ہیں وہیں غیرملکیوں کی بھی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتیوں سمیت دیگر غیرملکی مسافروں نے یمن سے واپس لانے پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب پاک بحریہ کا ایک اور جہاز پی این ایس شمشیر یمن میں پھنسے 36 پاکستانیوں اور 15 غیرملکی باشندوں کو الحدیدہ سے نکال کرجبوتی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ غیرملکی باشندوں میں بنگلا دیش کے چار، رومانیہ اور یمن کے دو دو، قطر کے تین جب کہ ایتھوپیا، جرمنی، فلپائن اور برطانیہ کا ایک ایک شہری شامل ہے۔ جبوتی کی بندرگاہ سے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ یاد رہے حکومت کی کوششوں سے اب تک 900 سے زائد پاکستانیوں کو یمن سے وطن واپس لایا جاچکا ہے۔