Friday, September 20, 2024

ہماچل پردیش کی حکومت نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پاک بھارت میچ کی میزبانی سے معذرت کرلی

ہماچل پردیش کی حکومت نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پاک بھارت میچ کی میزبانی سے معذرت کرلی
March 1, 2016
شملہ(سپورٹس ڈیسک)ہماچل پردیش کی حکومت نے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے پاکستان بھارت میچ کی میزبانی کرنے سے معذرت کر لی۔  ریاست کے وزیر اعلیٰ ویر بہادرا سنگھ نے بزدلی دکھاتے ہوئے میچ کے لیے خاطر خواہ سکیورٹی فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کر دی ہے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا میچ انیس مارچ کو دھرم شالا میں کھیلا جانا تھا لیکن اب اس کا وہاں انعقاد بے یقینی کا شکار ہو گیا ہے۔ پاکستانی حکومت نے قومی ٹیم کو بھارت میں   ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت دی تو پاک بھارت ٹاکرے پر چھائے بے یقینی کے بادل چھٹے ہی تھے کہ اب ریاست ہماچل پردیش کی حکومت نے میگا ایونٹ کے اس بڑے مقابلے کا دباؤ خود پر لینے سے انکار کر دیا اور اس کی وجہ سیکیورٹی کو قرار دے دیا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی نے  بھارتی حکومت کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی حکومت اس مقابلے کے لیے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں کر سکتی۔  حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے میچ کے انعقاد پر ایک بار پھر  شکوک و شبہات تو چھائے ہی ہیں، ساتھ ہی ہماچل پردیش کے کرکٹ شائقین بھی سخت مایوس ہوئے ہیں۔ اچانک فیصلے سے بھارتی شائقین کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شائقین کو بھی شدید پریشانی لاحق ہو گئی ہے جنہوں نے میچ کے وینیوز کے مطابق میگا ایونٹ دیکھنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ ادھر ہماچل پردیش حکومت کے اچانک پینترا بدلنے پر بھارت کی مرکزی حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی مسئلے کا حل نکالنے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔