کراچی: پی ایس ایل فائنل کیلئے ٹریفک انتظامات بھی مکمل
کراچی (92 نیوز) کراچی میں پی ایس ایل فائنل کیلئے ٹریفک پولیس نے بھی انتظامات مکمل کر لئے ۔ کرکٹ کے دیوانوں کیلئے پانچ مقامات سے شٹل سروس چلائی جائے گی ۔
پلاننگ کے مطابق ایک ہزار 600 اہلکار ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔
پہلا ڈائی ورژن کارساز روڈ کا ٹرننگ پوائنٹ ہو گا جہاں عام ٹریفک کا داخلہ بالکل بھی نہیں ہو سکے گا ۔ صرف شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک جانے کی اجازت ہو گی ۔
یونیورسٹی روڈ سے دائیں جانب جانے اسٹیڈیم والا ٹریک بھی روزانہ کیطرح استعمال نہیں ہو سکے گا ۔ گاڑیوں کو گلشن اقبال اور لیاقت آباد 10 کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔
نیوٹاؤن سے اسٹیڈیم جانیوالی سڑک پر بھی عام ٹریفک کی اجازت نہیں ہو گی ۔ صرف اسپتال جانے والے مریض، ڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسیں جا سکیں گی ۔
ڈالیما روڈ بھی بند ہو گی لیکن رہائشی شناختی کارڈ دکھا کر جا سکتے ہیں جبکہ عام ٹریفک ڈرگ روڈ کیطرف روانہ کر دی جائے گی ۔
نیپا چورنگی سے جیل روڈ کے راستے پر بھی صرف علاقہ مکینوں کو ہی جانے کی اجازت ہو گی ۔ شائقین کرکٹ اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور بیت المکرم مسجد سے شٹل سروس کے ذریعے میچ دیکھنے جا سکیں گے ۔
شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے اصل شناختی کارڈ لازمی ساتھ لائیں ۔ سیلفی اسٹک اور پاور بینک بھی لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ سگریٹ نوشی کا سامان بھی اسٹیڈیم کے باہر ہی رکھنا پڑے گا ۔