Tuesday, April 30, 2024

کراچی ، پولیس کی موجودگی میں شہری کے قتل کا معاملہ ، چاروں اہلکار معطل

کراچی ، پولیس کی موجودگی میں شہری کے قتل کا معاملہ ، چاروں اہلکار معطل
January 15, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) کراچی کے علاقے بہادر آباد میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی مین شہری کے قتل کے معاملے پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ شرجی کھرل کاکہنا تھا کہ ایس ایس پی ساؤتھ چاروں اہلکاروں سے انکوائری کریں گے ، غفلت کے مرتکب  اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی ۔ چند روز قبل کراچی کے علاقے بہادر آباد میں گھریلو تنازع پر پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا گیا تھا ۔ ملزم سہیل کی بیوی خلع کے بعد منور کے گھر رہائش پذیر تھی، عدالتی حکم پر سہیل کو پولیس کے ساتھ بچوں سے ملوانے لایا گیا، ملزم نے اچانک منور پر فائرنگ کردی  جس سے منور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم لباس میں پستول چھپا کر لایا تھا ، اہلکاروں کی جانب سے تلاشی نہ لینے کے باعث ملزم نے موقع ملتے ہی فائرنگ کر دی ۔ دوسری جانب مقتول کے بڑے بھائی نے دہائیاں دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فائرنگ کی آواز سن کر باہر آیا تو دیکھا چھوٹا بھائی زمین پر پڑا ہے، پولیس کو اسپتال لے جانے کا کہا لیکن پولیس دوستیاں نبھاتی رہی ۔ مقتول کے بھائی نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر بھائی کو پہلے تھانے ،پھر اسپتال لے گئی۔