Friday, September 20, 2024

کراچی: پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں، ایک ملزم ہلاک، عسکری ونگ کے ٹارگٹ کلر سمیت چودہ ملزم گرفتار

کراچی: پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں، ایک ملزم ہلاک، عسکری ونگ کے ٹارگٹ کلر سمیت چودہ ملزم گرفتار
March 31, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں رینجرز نے کارروائی کر کے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس اور رینجرز کی دیگر کارروائیوں میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دہشت گردوں اور عسکری ونگ کے ٹارگٹ کلر سمیت 14 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ عزیز آباد مکا چوک کے قریب رینجرز کے جوان پہنچے اور رہائشی عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس دوران رہائشی عمارت کے اطراف کی گلیوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔ ادھر رینجرز نے بنارس کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ اس دوران دو دہشت گرد ہاتھ آئے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ رنچھوڑ لائن اور شاہ فیصل کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران عسکری ونگ کے ٹارگٹ کلر اور دو بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے جنجال گوٹھ میں کارروائی کی اور اس دوران ملزموں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے دو ساتھی فرار ہو گئے جبکہ اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔ تیموریہ پولیس نے قتل، اقدام قتل اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ لانڈھی اور زمان ٹاون میں پولیس نے چھاپوں کے دوران 6 ملزموں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں سے اسلحہ، مسروقہ موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔