Friday, September 20, 2024

کراچی : مِلک ایسوسی ایشن کا دودھ کی قیمتیں  کم کرنے سے انکار

کراچی : مِلک ایسوسی ایشن کا دودھ کی قیمتیں  کم کرنے سے انکار
March 2, 2016
کراچی(92نیوز)کراچی میں دودھ کی قیمتوں پر کمشنر کراچی نے دودھ فروشوں کے تمام دھڑوں کو طلب کرلیا اجلاس میں دودھ کے نرخ کم کرنے  سے متعلق  حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں دودھ کے نرخ بڑھے تو شہری بلبلا اٹھےمعاملہ بڑھا تو کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ نے دودھ فروشوں کے تمام دھڑوں کو اپنے دفترمیں طلب کرلیا۔ جس کے بعد اجلاس میں شرکت کے لیے  ملک ایسوسی ایشن کی تمام تنظیموں کے نمائندے  اورگڈز ٹرانسپورٹرز کا وفد بھی شرکت کے لیے پہنچ گیا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی نے دودھ فروشوں کے نمائندوں سے کہا کہ  دودھ کی قیمتیں بہت زیادہ  بڑھا دی  ہیں ، کچھ اس پر نظر ثانی کریں جس کے جواب میں ملک ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتیں کم کرنے سے صاف انکار کردیا۔ ملک ایسوسی ایشن کے رہنما حاجی اختر نے کہا کہ حکومت اگر دودھ کم نرخ پر بیچ سکتی ہے تو خود بیچ لے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر صاحب اپ دودھ کا کاروبار کرکے دیکھ لیں لگ پتہ جائے گا اجلاس میں تاحال قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ادھر اجلاس کی کوریچ کرنے سے میڈیا کو روک دیا گیا۔