Thursday, September 19, 2024

کاش کارکنوں کے درمیان واپس آ سکوں: الطاف حسین

کاش کارکنوں کے درمیان واپس آ سکوں: الطاف حسین
April 7, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ میں واپسی پر عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی رو سے تحریک انصاف والوں کی رکنیت ختم ہو گئی ہے، ایوان کو جعلی کہنے والے اسمبلیوں میں واپس آگئے۔ کہتے ہیں پی ٹی آئی کی اسمبلی میں واپسی اپنا تھوکا چاٹنے کے برابر ہے۔ جناح گراؤنڈ کراچی میں کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کے چیئرمین اسمبلی کو جعلی کہتے تھے اور اب اس کے ارکان اسمبلی پارلیمان میں واپس آ گئے اور سب نے دیکھا کہ اسے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ الطاف حسین نے کہا اگر کوئی رکن چالیس روز تک اسمبلی سے غائب رہے تو اس کی رکنیت ختم ہو جاتی ہے۔ وطن واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کاش ایسے حالات پیدا ہوں کہ وہ کارکنوں کے درمیان واپس آ سکیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ کریم آباد میں جو ہوا وہ وہاں کے رہائشیوں کا پی ٹی آئی کے خلاف غصہ تھا۔ متحدہ کے کارکنوں نے تحریک انصاف کے کیمپ پر حملہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیس اپریل کو ایم کیو ایم کا امیدوار این اے دو سو چھیالیس سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گا۔ دریں اثنا یمن کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے قائد کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ گولہ بارود نہیں مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔