Tuesday, April 30, 2024

ڈریپ کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نوٹس جاری

ڈریپ کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نوٹس جاری
January 18, 2019
لاہور (92 نیوز) ڈریپ (ڈرگ ریگولیڑی اتھارٹی) کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کر دیا۔ شہری ندیم سرور کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت جسٹس شاہد وحید نے کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ادویات میں اضافہ غیر قانونی ہے۔ ڈرگ ایکٹ 1976 کے سیکشن 12 کے تحت قیمتوں کے تعین کے لیے کوئی فارمولا ہی نہیں ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ اس پر عدالت قیمتوں میں اضافے کے خلاف نوٹس جاری کرتے ہوئے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، وفاقی اور پنجاب حکومت سے دو ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ ڈریپ نے ملک بھر میں ایک ہزار چوراسی مختلف ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کا مطالبہ تسلیم کیا ۔ سیرپ ، کیپسول ، انجیکشن سمیت ایک ہزار چوراسی مختلف ادویات مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ڈریپ نوٹی فکیشن کے مطابق ٹی بی، مختلف اعصابی امراض، کینسر اور جلد کی بیماریوں کی مختلف اقسام اور جان بچانے والی ادویات مہنگی ہو گئی تھی۔ کمپنیوں کی جانب سے ڈریپ کو سفارش کی گئی تھی کہ ادویات کی پیداوار کیلئے 90 فیصد خام مال سمیت پیکیجنگ کا سامان درآمد کیا جاتا ہے اور روپے کی قدر میں کمی کے بعد ادویات سازوں کیلئے ممکن نہیں کہ وہ موجودہ ریٹیل قیمت پر ادویات کی پیداوار کریں سکیں۔