Tuesday, April 30, 2024

چینی قونصل جنرل سمیت تمام عملہ محفوظ ہے ، آئی ایس پی آر کی تصدیق

چینی قونصل جنرل سمیت تمام عملہ محفوظ ہے ، آئی ایس پی آر کی تصدیق
November 23, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ آئی ایس پی آر نے تصدیق کر دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رینجرز نے عمارت کو کلیئر کر دیا۔ چینی قونصل جنرل سمیت تمام عملہ محفوظ ہے۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا دہشت گرد جس قسم کی کارروائی کرنا چاہتے تھے ، اس میں مکمل طور پر ناکام رہے ۔ انکی شناخت کا کام ہورہا ہے ۔ تمام ادارے قیام امن کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ حملے کے بعد ملک بھر میں تمام سفارتخانوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ادھر کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا دہشتگرد گاڑی دور کھڑی کر کے چینی سفارتخانے کی حدود میں آئے۔ سکیورٹی اہلکاروں کی مزاحمت سے دہشت گرد قونصلیٹ کے کمپاؤنڈ میں داخل نہیں ہو سکے اور احاطے میں ہی مارے گئے۔ عمریں بیس سے پچیس سال تھیں۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی شدید مذمت کی اور کہا حملہ سی پیک کے خلاف سازش ہے۔ ایسے واقعات پاک چین تعلقات کو کمزور نہیں کرسکتے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے۔ پولیس اور رینجرز کی جرات اور بہادری کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ قونصل جنرل سے ملاقات میں حملے سے متعلق گفتگو کی۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی پر بریفنگ دی ۔ فیصل واوڈا سمیت سیاسی رہنماؤں کا بھی جائے وقوعہ کا دورہ ہوا۔ چینی قونصل جنرل نے بھی باہر آکر صورتحال کا جائزہ لیا۔