Thursday, May 2, 2024

چین کی آرمی نے بغیر اسلحے کے بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 اہلکار ہلاک کر دیے

چین کی آرمی نے بغیر اسلحے کے بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 اہلکار ہلاک کر دیے
June 17, 2020

بیجنگ ( 92 نیوز) چین سے پنگا بھارت کو مہنگا پڑگیا ، چینی آرمی نے بنا آتشیں اسلحہ استعمال کیے بھارتی فوج کے کرنل سمیت بیس اہلکار ہلاک کر دیے ، چین نے کشیدگی کا الزام بھارت پر عائد کرتے ہوئے اسے اپنے فوجیوں کو لگام دینے کا مطالبہ کردیا ، شدید ترین جانی نقصان پر بھارت کے اپنے دفاعی تجزیہ کار حکومت پر برس پڑے ، امریکا نے بھی سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کردیا۔

لداخ کی  گلوان وادی میں چین سے پنگا لینے کی کوشش خود بھارت کو بھاری پڑ گئی ،  پنتالیس سال کی بدترین جھڑپوں میں پیپلز لبریشن آرمی نے بھارتی سورماؤں کا بھرکس نکال ڈالا ، کرنل سمیت بیس بھارتی اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج کے اتنے جانی نقصان پر خود ان کے دفاعی تجزیہ کار بھی چلا اٹھے ، جنرل ریٹائرڈ بخشی نے سوال اٹھایا کہ ہم نے ایک کرنل اور بیس فوجی کھو دیے ، ہم سالانہ دفاع پر 71 ارب ڈالر کیوں خرچ کررہے ہیں۔

چین نے تمام تر کشیدگی کا الزام بھارت پر عائد کرتے ہوئے اسے اپنے فوجیوں کو لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے پیر کو دو بار سرحد عبور کرنے کی کوشش کی ، اس دوران انھوں نے چینی فوجیوں پر حملہ کرتے ہوئے انہیں اشتعال بھی دلایا۔

دوسری جانب امریکا نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کردیا ،محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن ایل اے سی پر بھارت اور چین کے سرحدی معاملے کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے ،موجودہ صورتحال کے پُرامن حل کا خواہشمند ہیں۔