Tuesday, April 30, 2024

چودھری نثار نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سیاسی لنڈے بازار کے لوگ قرار دیدیا

چودھری نثار نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سیاسی لنڈے بازار کے لوگ قرار دیدیا
June 25, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز) چودھری نثار علی خان نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سیاسی لنڈے بازار کے لوگ قرار دے دیا ، دھمیال کیمپ راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  چودھری نثار کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کبھی پیپلزپارٹی ، کبھی مشرف کی حکومت تو کبھی ق لیگ میں ہوتے ہیں ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ  میرے مخالف ایک اسکول کو اپ گریڈ نہیں کر سکتے ، مجھ پر کوئی مشکل وقت نہیں ہے ، نہ مایوس ہو نہ پریشان ہوں ، گلی کوچوں میں میرے ووٹ مانگو مقابلہ آپ کا کا مخالفین سے نہیں آپس میں ہے ، دیکھنا ہے کون سے علاقے کے لوگ زیادہ ووٹ دیں گے ۔ آئندہ پانچ سال میں اس سے زیادہ کام ہونگے ۔ جلسے کے دوران ایک شخص نے نعرہ لگایا کہ ہمیں پانی نہیں ملا ، چودھری نثار نے جھاڑ پلاتے ہوئے کہا چپ کرو ، 70 فیصد افراد کو پانی ملا ہے ،جنہیں ملا ہے وہ اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں ، میرے مخالفین کوئی فرشتے نہیں ہیں ،جو ٹیکسلہ سے آیا ہے وہ پانچ سال وفاقی وزیر رہا اس سے پوچھو پانی کیوں نہیں آیا ۔ چودھری نثار علی خان نے کراچی آپریشن کا کریڈٹ بھی خود کو دیتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن میں نے شروع کیا ، اگست ستمبر 2013 کی اخباریں نکال کر دیکھو نہ نواز شریف سے پوچھا نہ فوج سے پوچھا ، ہندستانی وزیرداخلہ کو پاکستان سے بھگایا ۔