Thursday, September 19, 2024

چارسدہ خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی‘ 36 زخمی

چارسدہ خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی‘ 36 زخمی
March 7, 2016
چارسدہ (92نیوز) چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت تیرہ افراد جاں بحق اور چھتیس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماوں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خودکش بمبار نے پیر کی صبح سیشن کورٹ شبقدر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس اہلکار رکاوٹ بن گئے جس پر بمبار نے گیٹ پر ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت فائرنگ کی بھی آوازیں سنائی دیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو شبقدر اور پشاور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی جگہ سے اہم شواہد اکٹھے کئے۔ مشیر ا طلاعات مشتاق غنی کے مطابق گارڈز نے دہشت گرد کو روک کر بڑی تباہی سے بچا یا۔ بزدلانہ کارروائی میں دو پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس حکام اوراہلکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔