Tuesday, April 30, 2024

پیرجوگوٹھ میں سیپکو عملے نے دیہاتیوں کو 11کےوی تاروں کے کھمبے پر چڑھادیا

پیرجوگوٹھ میں سیپکو عملے نے دیہاتیوں کو 11کےوی تاروں کے کھمبے پر چڑھادیا
August 25, 2018
پیرجوگوٹھ ( 92 نیوز) سیپکو کا مجرمانہ کارنامہ سامنے آگیا، پیر جوگوٹھ میں سیپکوعملے نے خود کام کرنے کے بجائے بجلی ٹھیک کرنے کیلئے دیہاتیوں کو 11 ہزاروولٹیج  کی خطرناک تاروں کے کھمبے پر چڑھا دیا۔ بجلی کے کھمبوں پر چڑھ کر تاروں کو ٹھیک کرنااور بجلی کو بحال رکھنا تو سیپکو کا کام ہے مگر اب سیپکو افسران اور ملازمین نے یہ کام دیہاتیوں سے لینا شروع کردیا ہے ۔ خیرپور کے علاقے پیرجوگوٹھ میں 11 ہزار وولٹیج بجلی کی تاریں ٹوٹ کر گر گئیں جس کے باعث 60 دیہات کی بجلی منقطع ہوگئی، اطلاع دینے پر سیپکو کا عملہ تو نہ آیا لیکن دیہاتیوں کو فون پر تار جوڑنے کا طریقہ بتا دیا، دیہاتی بھی مجبور ہوکر کسی خوف و خطر کے خطرناک تار لے کر رسی کی مدد سے کھمبے پر چڑھ گئے ۔ دیہاتی بغیرکسی حفاظتی انتظامات کے 11 ہزار پاور کی تاروں کو کھمبے پر چڑھ کر لکڑی سے جوڑنے کی کوشش کرتے رہے اور بلاآخر اپنی مدد آپ کے تحت بجلی بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ اسی حوالے سے سیپکو ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیپکو انتظامیہ کے پاس سیفٹی کٹیں موجود ہیں اس کے باوجود بھی یہاں کے دیہاتیوں سے کام لیا جارہا ہے ۔ سیپکو ذرائع نے مزید بتایا کہ اسی طرح 11 ہزار کی خطرناک تاروں کو ٹھیک کرنے کے چکر میں کچھ ماہ قبل ایک نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا جس کی ہلاکت کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔