Thursday, September 19, 2024

پولیس تشدد سے گیسٹ ہاؤس کا چالیس سالہ ملازم جاں بحق، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، واقعہ کی رپورٹ طلب

پولیس تشدد سے گیسٹ ہاؤس کا چالیس سالہ ملازم جاں بحق، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، واقعہ کی رپورٹ طلب
March 8, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پولیس کے مبینہ تشدد سے لاہور میں گیسٹ ہاؤس کا چالیس سالہ ملازم جاں بحق ہو گیا۔ پولیس اہلکار جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ریکارڈنگ سسٹم بھی ساتھ لے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیکر واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جوہر ٹاؤن میں واقع گیسٹ ہاؤس کی انتظامیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اے ایس پی چوہنگ عثمان طارق بٹ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ رات گئے چھاپہ مارا اور ایک ملازم ملک سعید پر تشدد کرتے ہوئے اسے تیسری منزل سے دھکا دے دیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ انتظامیہ کے مطابق واقعہ کے بعد تمام اہلکار موقع سے فرار ہو گئے اور جاتے ہوئے گیسٹ ہاؤس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور اس کا ریکارڈنگ سسٹم بھی ساتھ لے گئے۔ اہل علاقہ اور انتظامیہ نے مطالبہ کیا کہ اے ایس پی سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ایس پی فیصل مختار نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جاں بحق ہونے والا ملازم سعید ضلع چکوال کا رہائشی اور تین بچوں کا باپ تھا۔