Tuesday, April 30, 2024

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
May 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدل لی۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے سے روزے ٹھنڈے ہو گئے۔ محکمہ موسمیات نے آج پھر بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔ گزشتہ رات ملک کے کئی علاقوں میں موسم نے اچانک انگڑائی لے لی۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی جھکڑ چلنے کے بعد مینہ برسا۔ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان، پنجاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش دیر میں  17 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے وقت موسم خشک اور گرم رہے گا۔ تاہم خیبر پختونخوا۔اسلام آباد۔بالائی و وسطی پنجاب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل پھر گرجے برسیں گے۔ گزشتہ روز کئی علاقوں میں سورج بھی تیور دکھاتا رہا۔ سب سے زیادہ گرمی بے نظیر آباد میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو اور جیکب آباد بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔