Friday, September 20, 2024

پاکستان کو امریکہ سے ایف 16 طیارے ملنے کیلئے نومبر تک انتظار کرنا ہو گا

پاکستان کو امریکہ سے ایف 16 طیارے ملنے کیلئے نومبر تک انتظار کرنا ہو گا
March 1, 2016
اسلام آباد (92نیوز) امریکہ رواں برس نومبر تک 8 ایف سولہ طیارے پاکستان کے حوالے کر دے گا۔ وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق طیاروں کی فراہمی کے حوالے سے ٹائم فریم طے کرنے کے لیے وزارت دفاع کا وفد امریکہ کا دورہ کرے گا اور دورے کے دوران طیاروں کی خریداری کے لیے 699 ملین ڈالرز کی ادائیگیوں کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ وزارت دفاع کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکہ کا سب سے بڑا اتحادی ہے اور اس بنیاد پر پاکستان امریکہ پر زور ڈالے گا کہ طیاروں کی خریداری کے لیے 699ملین ڈالرز کی ادائیگیوں میں نرمی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ سے ملنے والے یہ ایف سولہ طیارے نومبر کے آخر تک پاکستان ایئر فورس کے فضائی بیڑے میں شامل ہو جائیں گے جس کے بعد پاکستان کے پاس ایف سولہ طیاروں کے تعداد 78ہو جائے گی۔ پاکستان ایئر فورس فرانسیسی ساختہ میراج طیارے 2020ءتک گراونڈ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پاکستان امریکہ سے مزید ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے لئے دوبارہ رابطہ کرے گا۔