Tuesday, April 30, 2024

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی
July 17, 2021

نوٹنگھم (92 نیوز) شاہینوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو چاروں شانے چت کر دیا۔ پاکستان نے انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

زخمی شاہینوں کا نوٹنگھم میں انگلش شیروں پر زوردارجوابی وار ہوا۔ پہلے ٹی 20 میں انگلینڈ کی اے ریٹڈ ٹیم سے ون ڈے سیریز ہارنے کا خوب بدلہ لے لیا۔ پاکستان کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم کو پہلے میچ میں 31 رنز سے شکست دیدی۔

232رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ لیام لیونگ اسٹون کی 103 رنز کی دھواں دار اننگز بھی انگلینڈ کے کسی کام نہ آئی ۔ شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے تین تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ عماد وسیم ، محمد حسنین ، حارث رؤف نے بھی ایک ایک شکار کرکے جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

پاکستان نے پہلے کھیل کر ٹی ٹوئنٹی میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا۔ 232 رنز کے مجموعے میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ پر بننے والی ساجھے داری میں 150 اسکور بنا کر باقی بلے بازوں کا حوصلہ بلند کر دیا۔

بابر اعظم نے 49 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔ دوسری جانب محمد رضوان بھی بھرپور ایکشن میں نظر آئے اور 41 گیندوں پر 63 رنز بنا کر کپتان کا خوب ساتھ دیا۔

صہیب مقصود نے سات گیندوں پر 19، فخر زمان نے 8 گیندوں پر 26 اور محمد حفیظ نے 10 گیندوں پر 24 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی 30 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے۔