Thursday, September 19, 2024

پاک بھارت کرکٹ جنگ دیکھنے کا جنون عروج پر‘ تمام ٹکٹیں بک گئیں

پاک بھارت کرکٹ جنگ دیکھنے کا جنون عروج پر‘ تمام ٹکٹیں بک گئیں
March 7, 2016
لاہور (92نیوز) دھرم شالا میں پاکستان اور بھارت کامتوقع معرکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سوالیہ نشان بن گیا ہے لیکن اس کے باوجود تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب ٹی ٹوینٹی سکواڈمیں خرم منظورکی جگہ احمد شہزاد کو شامل کر لیا گیا ہے جبکہ سلیکشن کمیٹی اور شاہد آفریدی میں اختلافات کی خبریں بھی دم توڑ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق انیس مارچ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہو گا یا نہیں۔ کچھ پتہ نہیں تاہم تمام تر خدشات کے باوجود میچ کی ٹکٹیں وقت سے پہلے ہی فروخت ہو گئیں۔ شائقین کرکٹ نے آو دیکھا نہ تاو۔ ساری ٹکٹیں خرید کر سب سے بڑے معرکے میں دلچسپی کا ثبوت دیدیا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم میں خرم منظورکی جگہ احمد شہزاد کو شامل کر لیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کو پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈٹی ٹوینٹی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ پاکستان ٹیم کے اعلان کے ساتھ سلیکشن کمیٹی اور کپتان شاہد آفریدی میں ٹی ٹوینٹی ٹیم کی سلیکشن پر اختلافات کی خبریں دم توڑ گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی اور کپتان شاہد آفریدی کی باہمی مشاورت سے ٹی ٹوینٹی ٹیم تشکیل پائی ہے۔ سلیکشن کمیٹی اور شاہدآفریدی کے درمیان ٹیم کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹی ٹوینٹی سیریز میں پاکستان کی شکست کے بعد اس طرح کی بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں۔