Thursday, September 19, 2024

پاناما کیس پاکستان کی تاریخ بدل دے گا : عمران خان  

پاناما کیس پاکستان کی تاریخ بدل دے گا : عمران خان  
May 1, 2017
کراچی (92نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناماکیس پاکستان کی تاریخ بدل کر رکھ دے گا ۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں تاجر اتحاد سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سیدھی اور کھری کھری باتیں کیں،ان کا کہنا تھا کراچی پاکستان کا دل ہے یہاں سرمایہ کاری کے لئے امن کا قیام نا گزیر ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کراچی میں جب تک امن نہیں ہو گا،سرمایہ کاری نہیں ہو سکتی،پاناما کیس پاکستان کو بدل کر رکھ دے گا،پتا نہیں کتنی ایان علی پیسے بھر بھر کر باہر لے جا رہی ہیں،عوام ٹیکس نہیں دیتےکیونکہ پیسا پاناما اور دبئی چلا جاتا ہے،میئر وسیم اختر اختیارات کا ٹھیک مطالبہ کرتے ہیں،وسیم اختر وہ اختیارات مانگتے ہیں جیسے ہم نے کے پی میں دیے۔ انہوں نے کہا اللہ تعالی نے اس ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں دی،پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے،دبئی میں جو پراپرٹی بنائی جا رہی ہے وہ سب مال یہاں سے جا رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر عمران خان کو یادگاری شیلڈ بھی دی گئی،روایات کے مطابق سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی جبکہ کچھ شرکا نے سیلفیاں بھی بنائیں۔