Thursday, September 19, 2024

ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بورڈ کی موجودہ صورتحال پی سی بی کی جگ ہنسائی کا سبب، بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بورڈ کی موجودہ صورتحال پی سی بی کی جگ ہنسائی کا سبب، بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان
April 1, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) مسائل ہیں کہ پاکستان کرکٹ کا جان ہی نہیں چھوڑ رہے۔ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بورڈ کی موجودہ صورتحال پی سی بی کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہی ہے۔ اعلیٰ حکام اور ٹیم مینجمنٹ کی چھٹی یقینی نظر آ رہی ہے۔ سال دو ہزار سولہ  ابھی تک پاکستان کرکٹ کے لیے کافی سخت ثابت ہوا ہے۔ سال کے آغاز میں ہی نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی دکھائی اور رہی سہی کسر ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پوری ہو گئی جب قومی ٹیم شو پیس ایونٹس میں ناقص ترین کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف ایک ہی میچ میں کامیابی حاصل کر سکی۔ وقار یونس اور انتخاب عالم کی رپورٹس نے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ وقار یونس نے سابق مینجر معین خان کی کلاس لی تو موجودہ مینجر انتخاب عالم نے سارا ملبہ کپتان شاہد آفریدی پر ڈال دیا۔ ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم میں اختلافات، گروپنگ کی خبریں بھی زبان زدعام ہوئیں اور قوم نے کوچ اور کپتان کو ہاتھ جوڑتے معافی مانگتے بھی دیکھا۔ ساری صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر اکھار پچھاڑ کا امکان ہے۔ کرکٹ کی بہتری کے لیے  سنجیدہ اور سخت فیصلے  لیے جانے کی ضرورت ہے۔