ٹارگٹ کلرطاہر رسول کی تفتیشی رپورٹ 92 نیوز نے حاصل کرلی
کراچی(92نیوز)عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم کے ساتھی کی تفتیشی رپورٹ نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کرلی گرفتار ملزم مخالفین کو فائرنگ کے علاوہ زہر کے انجکشن لگا کر بھی قتل کرتا تھا ۔
تفصیلات کےمطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر طاہر رسول نے تفتیش کاروں کے سامنے سنسنی خیز انکشافات کئےہیں ۔ملزم نے بتایا کہ ملیر کے سیکٹر انچارج نعیم عرف گڈو نےعمران فاروق قتل کیس میں خالد شمیم سے 2005 میں ملاقات کرائی نعیم عرف گڈو نے قتل و غارت گری کی کارروائیوں کی بھی ہدایات دیں 12 مئی کو خالد شمیم کے حکم پر ماڈل کالونی میں ہوٹل پر فائرنگ کی جس سے سیاسی جماعت کے دو کارکن جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔ ایئر پورٹ آنے والے راستوں پر ساتھیوں کے ساتھ مل کررکاوٹیں لگائیں اور دہشت پھیلانے کے لیے فائرنگ بھی کی ملیر سے مخالف جماعت کے کارکن کے بھائی کو اغواء کرایا تشدد کیا اور کھوکھرا پار ندی میں لے جاکر زہر کا انجکشن لگاکر موت کی نیند سلادیا ۔
ملزم نے انکشاف کیاکہ 2013 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم نے ملیر میں الیکشن سیل انچارج بنایا ، قومی اورصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو کامیاب بنانےکےلئے ہزاروں جعلی ووٹ ڈالوائےالیکشن میں کامیابی کے بعد ریلی کے دوران ماڈل کالونی میں ن لیگ کے کارکنوں سے مسلح تصادم میں دو کارکنوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔