Tuesday, April 30, 2024

وزیراعظم عمران خان نے کاشتکاروں کیلئے مخصوص کسان پورٹل کا اجرا کردیا

وزیراعظم عمران خان نے کاشتکاروں کیلئے مخصوص کسان پورٹل کا اجرا کردیا
October 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کاشتکاروں کے لیے مخصوص کسان پورٹل کا اجرا کردیا۔

وزیراعظم نے کسان پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا محنت کش طبقے کو خوش کرنا اللہ کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔ غریب کسان کی آواز ایوانوں تک نہیں پہنچ پاتی، کسانوں اور مزدوروں کو اٹھانا حکومت کا عزم ہے۔ سوچتا تھا کہ اقتدار ملا تو کمزور طبقے کا سوچیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ چھوٹے کسان کی مدد ضروری ہے کیونکہ وہ ہر جگہ پر پستا ہے، شروع میں مشکلات تھیں لیکن اب دیگر معاملات پر توجہ دے رہے ہیں۔  اُن کا کہنا تھا سوچ رکھا تھا جب بھی ہماری باری آئی کسان کو اس کی محنت کی اصل قیمت دلوائیں گے۔

عمران خان نے کہا کوہ سلیمان میں آنے والا پانی ہی محفوظ کرلیں تو بہت سی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ کسان کارڈ کا اجرا ہی کسان کی مدد کیلئے کیا گیا ہے، اب پیسہ ڈائریکٹ کسان کو ملے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ درآمدی بل کم کرنے کیلئے ہمیں زرعی پیداوار بڑھانا ہوگی، روپے پر آنے والا دباؤ عارضی ہے۔ مزید کہا کہ اللہ نے ذہن دیا ہے، ہم نے صرف محنت کرنا ہے اور ریسرچ کرنا ہے۔ زراعت کو بھی ہم نے سی پیک میں شامل کردیا ہے۔

وزیراعظم بولے کہ سیم زدہ علاقوں میں ہم فش فارمنگ کرسکتے ہیں، کسانوں کو کیش راپس بارے آگاہی دینا ہوگی۔ پاکستان میں ایک ایواکاڈو 6 سے 7 سو روپے میں بکتا ہے۔ پاکستان میں ایواکاڈو کاشت کرکے ہم پیسہ کما سکتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کسان پورٹل سے  پانی چوری میں کمی آسکے گی، کسان اپنی شکایات براہ راست حکومت تک پہنچا سکیں گے۔ میرا ایمان ہے جب ہم چھوٹے کسان کی مدد کریں گے تو پاکستان کی مدد کریں گے۔