Tuesday, April 30, 2024

وزیر اعظم کا فیس بک کے سی ای او سے اسلام مخالف مواد فوری ہٹانے کا مطالبہ

وزیر اعظم کا فیس بک کے سی ای او سے اسلام مخالف مواد فوری ہٹانے کا مطالبہ
October 26, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان  نے  فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کو خط لکھ دیا جس میں  فیس بک پر اسلام مخالف مواد فوری ہٹانےکا مطالبہ کیا گیا۔

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کے سی ای او کو خط لکھ کر اسلام مخالف مواد ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا سے نفرت، شدت پسندی اور تشدد بڑھ رہا ہے، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اسلاموفوبیا پھیل رہا ہے، اس سے نفرت ، انتہا پسندی اور تشدد کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے، ہم مسلمانوں کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں یہی صورتحال دیکھ رہے ہیں، بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرنے کے لئے خط لکھ رہا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ ممالک میں مسلمانوں کو شہریت کے حقوق حاصل نہیں، مسلمانوں کو ان کے شہریت کے حقوق، لباس سے لے کر عبادت تک انتخاب سے محروم کیا جارہا ہے، ہندوستان میں ، مسلم مخالف قوانین ، سی اے اے اور این آر سی جیسے اقدامات ، اسلامو فوبیا کے مکروہ مظاہر کے عکاس ہیں۔ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور مسلمانوں کو کورونا وائرس کا ذمہ دار قرار دینا اسلامو فوبیا کا مظہر ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ہولوکاسٹ سے متعلق سوال کرنے یا تنقید کرنے پر پابندی لگانے پر فیس بک کے اقدام کو سراہتے ہیں۔