Tuesday, April 30, 2024

 ورلڈکپ کے فائنل کےساتھ ہی دو کھلاڑیوں کے ون ڈے کیریئرکااختتام

 ورلڈکپ کے فائنل کےساتھ ہی دو کھلاڑیوں کے ون ڈے کیریئرکااختتام
March 29, 2015
میلبورن(ویب ڈیسک)ورلڈ کپ دوہزار پندرہ میں دو کھلاڑی ایسے تھے جن کا ون ڈے کیرئیر میلبورن میں سجے فائنل کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچ گیا۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈینئیل ویٹوری اب ایک روزہ کرکٹ میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ میلبورن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیکل کلارک نےون ڈے سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ مائیکل کلارک نے آخری میچ میں شاندار نصف سنچری سکور کی  اپنے کیرئیر میں انہوں نے  دو سو پنتالیس میچ کھیل کر سات ہزار نو سو اکیاسی رنز بنائے۔ مائیکل کلارک کی زیر قیادت  آسٹریلین ٹیم نے چوہتر میچوں میں سے پچاس میں کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کےآل راؤنڈر ڈینئیل ویٹوری کا بھی آسٹریلیا کے خلاف فائنل معرکہ آخری میچ تھا۔ کیوی آل راؤنڈر ویٹوری اپنے آخری ون ڈے میں کچھ خاص کارکردگی نہ دکھاسکے ۔ ویٹوری نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی کامیابی کے بعد تصدیق کردی تھی کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ انہوں نے دو سو پچانوے ون ڈے میچ کھیل کردو ہزار دو سو چوالیس رنز اور تین سو پانچ وکٹیں حاصل کیں۔