Tuesday, April 30, 2024

نشانِ حیدر لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 50 واں یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

نشانِ حیدر لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 50 واں یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
December 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) آج مادروطن کیلئے جرات و بہادری کا درخشدہ باب رقم کرنے والے عظیم سپوت لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 50 واں یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

1971ء کی جنگ کے دوران محمد محفوظ 15 پنجاب رجمنٹ اور واہگہ اٹاری سیکٹر میں مشہور پل کنجری آپریشن کا حصہ تھے۔ 17 دسمبر رات ہدف کے حصول میں آپ کی کمپنی کواُس وقت شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جب دشمن کی پوزیشن قریباً 70 میٹر کے فاصلے پر تھی۔

دشمن کی شدید فائرنگ کے باوجودلانس نائیک محمد محفوظ نے دشمن کی دو رجمنٹس کو اپنی مشین گن سے روکے رکھا۔ مشین گن تباہ ہونے پر اپنے شہید ساتھی کی مشین گن سے دشمن کی اُس پوزیشن کو نشانے بنائے رکھا جس نے آپ کی کمپنی کی پیش قدمی روک رکھی تھی۔

اِس دوران محفوظ کی دونوں ٹانگیں شدید زخمی ہوگئیں، مشین گن بھی ناکارہ ہو چکی تھی تاہم جذبہ آہنی تھا، آپ جسم کو گھسیٹتے دشمن کے بنکر تک پہنچے اور آپریشن میں رکاوٹ بھارتی گنر کو دبوچ کرہلاک کردیا لیکن دوسرے بھارتی فوجی کے وار سے لانس نائیک محمد محفوظ جام شہادت نوش کرگئے۔

1971ء کی جنگ کے بعد بھارتی کمانڈر زنے لانس نائیک محمد محفوظ کی شجاعت اور لازوال جذبے کی برملا تعریف کی۔ شہید کی عظیم قربانی پر اُنہیں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نواز گیا اور اُن کے گاﺅں کا نام پنڈ ملکاں سے محفوظ آبادرکھا گیا۔“