Friday, September 20, 2024

ن لیگی ایم پی ایز کی پبلک سیکٹر کمپنیوں میں تعیناتی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن

ن لیگی ایم پی ایز کی پبلک سیکٹر کمپنیوں میں تعیناتی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن
March 1, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے پبلک سیکٹرز کمپنیوں میں ارکان اسمبلی کی تعیناتی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ عدالت نے درخواست پر پنجاب حکومت اور 12 ارکان صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے میاں محمودالرشید کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاءایڈووکیٹ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ‘ ای پارکنگ‘ صاف پانی‘ ویسٹ مینجمنٹ اور میٹ کمپنیاں قائم کی ہیں اور ان کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ارکان پنجاب اسمبلی کو بنایا گیا ہے۔ شیزار ذکاءایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ قانون کے تحت حکومت کسی رکن اسمبلی کو پبلک سیکٹرز کمپنیوںکے بورڈز آف ڈائریکٹرز میں شامل نہیں کرسکتی۔ اپوزیشن لیڈر نے استدعا کی کہ پانچوں کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز سے ارکان پنجاب اسمبلی کو الگ کرکے ان کی شمولیت کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے درخواست پر پنجاب حکومت اور کرن ڈار، نسرین نواز سمیت بارہ ارکان پنجاب اسمبلی کو 18 مارچ کے لئے نوٹس جاری کر دیے۔