Friday, September 20, 2024

مینٹل ہسپتال لاہور میں مریض کی خودکشی، انتظامیہ کی جانب سے نرسوں کو پولیس کے حوالے کرنے کیخلاف احتجاج

مینٹل ہسپتال لاہور میں مریض کی خودکشی، انتظامیہ کی جانب سے نرسوں کو پولیس کے حوالے کرنے کیخلاف احتجاج
March 5, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) مینٹل ہسپتال لاہور میں دو روز قبل ہونے والی مریض کی خودکشی کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مبینہ دل کا دورہ بتا کر نرسوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا جس کے خلاف نرسوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ لاہور کے پاگل خانے میں ایک مریض فرمان علی کی خودکشی کو وارڈ کنسلٹنٹ ڈاکٹر عمران اور ایم ایس ڈاکٹر ناصر بھٹی کی جانب سے مبینہ طور پر دل کے دورے سے ہلاکت قرار دینے کے خلاف نرسوں نے احتجاج کیا۔ نرسوں کا کہنا ہے کہ پولیس ان کی ساتھی نرسوں اور وارڈ بوائز کو اٹھا کر لے گئی ہے جبکہ انتظامیہ نے اپنی کارروائی ابھی پوری نہیں کی۔ پولیس جن نرسوں اور وارڈ بوائز کو اٹھا کر لے گئی ان کا قصور فقط اتنا تھا کہ وہ اس وقت ڈیوٹی پر موجود تھیں۔ ایم ایس ڈاکٹر ناصر بھٹی کا کہنا ہے کہ پولیس تفتیش کے لیے نرسوں اور وارڈ بوائز کو لے کر گئی ہے تاہم وہ انہیں پولیس سٹیشن سے واپس لے آئے ہیں۔ وارڈ بوائز کا کہنا ہے کہ مریض فرمان علی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے دل کا دورہ پڑا تھا۔ نرسوں نے کہا کہ وہ اپنا احتجاج اس وقت تک جاری رکھیں گی جب تک ہسپتال انتظامیہ انہیں تحریری طور پر اس بات کی ضمانت نہیں دیتی کہ آئندہ پولیس انہیں ہراساں نہیں کرے گی۔