Friday, September 20, 2024

پانی بھرے بادلوں کا ملک بھر میں مٹرگشت‘ رم جھم سے چہرے کھل اٹھے

پانی بھرے بادلوں کا ملک بھر میں مٹرگشت‘ رم جھم سے چہرے کھل اٹھے
March 5, 2016
لاہور (92نیوز) ملتان‘ وہاڑی اور گردونواح میں بارش‘ چارسدہ میں بھی بادل خوب برسے۔ پشاور میں بوندا باندی‘ کوئٹہ میں ژالہ باری۔ بعض مقامات پر تیز ہواو¿ں کے باعث چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔ سمندری طوفان کے خدشے پر حب سمیت بلوچستان میں ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہو گیا جس کے بعد ملک بھر میں موسم نے کروٹ لے لی۔ اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سندھ میں گردوغبا ر کے طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوںمیں آئندہ دو روز تک اور بالائی علاقوں میں پورا ہفتہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ملتان‘ وہاڑی‘ لاہور‘ اسلام آباد‘ چارسدہ‘ پشاور‘ کوئٹہ‘ خیرپور ناتھن شاہ اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوتی رہی۔ سکھر اور شکار پور میں تیز آندھی نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا۔ کئی فیڈرٹرپ کر گئے جس سے لوگوں کومشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ر ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے کہیں موسم خوشگوار ہے تو کہیں خنکی محسوس ہورہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی موسم ابرآلود ہے۔ پشاور‘ بنوں‘ کوہاٹ اور مردان سمیت کئی شہروں میں بوندا باندی نے موسم کی دلکشی میں اضافہ کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ آٹھ مارچ سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔ بلوچستان‘ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔ ادھر کراچی میں بارش ہوئی نہ آندھی چلی تاہم موسم جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ شہر میں چھبیس ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔