Tuesday, April 30, 2024

جنت نظیر وادی کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے

جنت نظیر وادی کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے
October 27, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) جنت نظیر وادی کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔

یوم سیاہ پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ ملک بھر کے شہروں، دیہاتوں اور گلی محلوں میں احتجاجی مظاہرے ریلیاں اور جلوس نکال کر کشمیری عوام کو یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا۔

کراچی سے خیبر اور گلگت تا گوادر  کشمیر تک پوری پاکستانی قوم نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی ناصرف آواز بنے گی بلکہ بھارتی مظالم اور بدترین انسانی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے گی۔

پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مذہبی و سیاسی تنظیمیوں، سول سوسائٹیز اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں یوم سیاہ کی مرکزی تقریب چیئرکراس پر ہو گی۔ پشاور میں رنگ روڈ پر کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی۔ کراچی اور کوئٹہ میں بھی ریلیاں نکال کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

حکومت نے یکجہتی کشمیر بین الاقوامی سطح پر بھی منانے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی ممالک، امریکا اور خلیجی ممالک میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلیاں اور تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان کشمیر پر ناجائز قبضے کو مسترد کرتا ہے۔

27اکتوبر1947ء کو بھارتی فوج نے اپنے ناپاک قدم جنت نظیر وادی پر رکھے۔ ظالم صفت فوج نے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ حال ہی میں کشمیری کی خصوصی حیثیت بھی چھین لی گئی۔ کشمیری عوام پہلے جھکے تھے نہ اب جھکیں گے۔