Tuesday, April 30, 2024

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو 126 دن ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو 126 دن ہو گئے
December 8, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں درد اور ظلم کی داستان طویل ہو گئی۔ مسلسل کرفیو کو 126 دن ہو گئے۔ وادی میں ہنوز دفعہ 144 نافذ ہے۔ اسکول، کاروبار اور دکانیں بند پڑی ہیں۔ جنت نظیر وادی دنیا کی سب سے بڑی  جیل بن چکی ہے۔ بھارت کے سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے رہنما چدم برم نے چنائی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 75 لاکھ کشمیریوں کو حق آزادی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب عالمی سطح پر بھارت کی رسوائی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی کانگریس میں بھارتی نثراد کانگریس وومن  پرمیلا جے پال نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ دردناک صورتحال پر بل پیش کر دیا۔ بل کے متن میں کہا گیا ہے مواصلات کی پابندیوں نے مقبوضہ کشمیر میں صحت کی صورتحال کو تشویش ناک حد تک متاثر کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو نظربند کرنے اور ہراساں کرنے کے واقعات کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ بل میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے مبصرین اور صحافیوں کو بغیر کسی روک ٹوک  کے مقبوضہ جموں و کشمیر تک رسائی دے۔