Tuesday, April 30, 2024

تیز گام ایکسپریس میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی، 73افراد جاں بحق

تیز گام ایکسپریس میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی، 73افراد جاں بحق
October 31, 2019

رحیم یار خان (92 نیوز) تیز گام ایکسپریس میں سلنڈر پھٹنے سے خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں جھلس کر 73 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

آگ کے شعلوں نے تین بوگیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ تیز گام ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ واقعہ لیاقت پور کے قریب پیش آیا جس سے اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئ۔

 ڈایریکٹر ایمر جنسی ریسکیو 1122 باقر حسین کے مطابق بہاول وکٹوریہ اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ وکٹوریہ اسپتال ایمر جنسی کے لیے 35 بیڈ خالی ہیں ۔

ڈی پی او امیر تیمور نے 46 اموات کی تصدیق کر دی ۔ ان کا کہنا ہے جاں بحق مسافروں کی نعشیں ٹی ایچ کیو لیاقت پور منتقل کی جا رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 متاثرہ بوگیوں میں کولنگ اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ متعدد افراد کے متاثر ہونے کی بھی اطلاع ہیں۔

دوسری طرف پاک فوج کے جوان بھی ٹرین حادثے کے مقام پر پہنچ گئے۔ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی حادثے کے مقام پر پہنچ گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ کیساتھ ملکر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ادھر ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ ریسکیو 1122، پولیس، فائر برگیڈ، سمیت دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ حادثہ میں متاثرہ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور، آر ایچ سی چنی گوٹھ اور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے حادثہ رحیم یار خان کے قریب سلنڈر دھماکے سے ہوا۔ چھوٹے اسٹیشنوں سے لوگوں کی چیکنگ نہیں ہو سکتی۔ اجتماع کے دنوں میں ٹرینوں پر رش ہوتا ہے۔ تبلیغی جماعت کے لوگ ٹرین میں ناشتہ بنا رہے تھے۔