Thursday, May 2, 2024

لاہور ہائیکورٹ کا نجی اسکولوں کے دفاتر کھولنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا نجی اسکولوں کے دفاتر کھولنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم
April 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے 20 اپریل تک نجی اسکولوں کے دفاتر عارضی طور پر کھولنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کاشف علی کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے نجی اسکولوں کے دفاتر عارضی طور پر کھولنے کی اجازت نہ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اتنے لوگ کورونا سے نہیں مریں گے جتنے ان کے رویوں اور بھوک سے مر جائیں گے۔ حکومت بیس اپریل تک نجی اسکولز کے دفاتر عارضی طور پر کھولنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے اگر نوٹیفکیشن جاری نہیں کرنا تو بھی تجاویز  پیش کریں۔ چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کیوں نہ گریڈ انیس اور اس سے اوپر کے تمام افسروں کو نجی اسکولوں کے ایک ایک کمرے میں رکھا جائے۔ اگر افسران کو ان کے خاندان  کے ساتھ بند کیا جائے تو پھر ان کو پتہ چلے کہ تنخواہ نہ ملنے سے کیا مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا سیکرٹری اسکولز نے درخواست گزار کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے سیکرٹری اسکولز اتنا نکما ہے کہ وہ چار لائنیں خود سے تحریر نہیں کر سکتا، آپ کو خوف خدا نہیں ہے کہ اتنے غریب لوگ دوماہ سے بغیر تنخواہ کے بھوک سے گزارہ کررہے ہیں۔