Tuesday, April 30, 2024

لاہور کے متوقع میئر کا مستقبل عدالتی فیصلے سے مشروط ہو گیا

لاہور کے متوقع میئر کا مستقبل عدالتی فیصلے سے مشروط ہو گیا
November 1, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد اب اگلا مرحلہ مئیر کی نامزدگی کا ہے۔ لاہور کے متوقع میئر خواجہ احمد حسان کے کاغذات کے خلاف معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق لارڈ مئیر لاہور خواجہ احمد حسان ایک مرتبہ پھر پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے مئیر کے متوقع امیدوار ہیں۔ خواجہ احمد حسان لاہور کی یونین کونسل ایک سو سات سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔ ان کی بلامقابلہ فتح کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ یونین کونسل کے ووٹر مسعود عزیز نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کوئی بھی سرکاری عہدے دارعہدہ چھوڑنے کے دو برس تک انتخاب نہیں لڑ سکتا اور خواجہ احمد حسان نے کا غذات نامزدگی جمع کرانے سے کچھ دیر پہلے ہی وائس چیئرمین ایل ڈی اے کے عہدے سے استعفا دیا تھا۔ اس لیے وہ انتخاب لڑنے کے اہل نہیں، ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دے دیا اور ان کے خلاف درخواست پر کاروائی تین نومبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔ اس طرح لاہور کے متوقع میئر کا مستقبل لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے مشروط ہے۔