Friday, September 20, 2024

فیصل آباد ،نواز شریف کی نا اہلی کے فیصلے پر پی ٹی آئی کارکنوں کا جشن

فیصل آباد ،نواز شریف کی نا اہلی کے فیصلے پر پی ٹی آئی کارکنوں کا جشن
February 22, 2018

فیصل آباد( 92 نیوز ) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر جشن منایا ، آتشبازی کرنے پر ایک کارکن گرفتار کر لیا گیا  ۔ پولیس نے سامان بھی قبضے میں لے لیا۔  سیالکوٹ میں بھی ٹی ایم اے نے پی ٹی آئی کے ممبر شپ کیمپ پر دھاوا بول دیا۔

نواز شریف کی دوسری بار نا اہلی پر جشن مناتے  کپتان کے کھلاڑی انتظامیہ کو ایک آنکھ نہ بھائے ۔ نا اہل سابق وزیر اعظم کی پارٹی صدارت سے بھی چھٹی ہونے پر فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن مناتے ہوئے ریلی نکالی،خوشی میں آتشبازی کرنا مہنگا پڑ گیا ۔پولیس نے سامان چھین کر کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

واقعے کے بعد تحریک انصاف کی جشن ریلی احتجاج میں تبدیل ہو گئی ۔ پولیس ایکشن کے خلاف کارکنوں نے  جی ٹی ایس چوک میں دھرنا دے دیا۔شرکا کا کہنا تھا کہ جشن منا رہے تھے پولیس نے ناجائز کارروائی کی۔

دوسری جانب سیالکوٹ میں بھی پی ٹی آئی کا ممبر شپ کیمپ انتظامیہ کو ایک آنکھ نہ بھایا اور ٹی ایم اے نے دھاوا بول  کر کیمپ اکھاڑ ڈالا۔

کھلاڑیوں نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف   احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی جبکہ شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔