Tuesday, April 30, 2024

غیرملکی عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں تین دن قرنطینہ کی شرط عائد

غیرملکی عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں تین دن قرنطینہ کی شرط عائد
May 25, 2021

ریاض (92 نیوز) غیرملکی عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں تین دن قرنطینہ کی شرط عائد کر دی گئی۔

غیرملکی عازمین حج کو خوش آمدید کہنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ سعودی وزارت صحت نے 9 صفحات پر مشتمل   خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

ہدایات کے مطابق حج کے خواہش مندوں کیلئے سعودی وزارت صحت کی منظور شدہ  انسداد کورو نا ویکسین   لگوانا  لازمی ہو گا جبکہ  عازمین حج کو   ویکسی نیشن کارڈ   بطور ثبوت پیش کرنا ہو گا۔

مملکت میں داخلے سے قبل  تمام عازمین حج کو پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہو گی۔ کورونا  ٹیسٹ سفر سے 72 گھنٹے قبل معتبر لیبارٹری سے کرایا ہو جبکہ  حجاج کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے دوسرا پی سی آر ٹیسٹ مملکت میں داخلے کے 40 گھنٹے کے اندر کیا جائے گا۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق غیر ملکی زائرین کے لیے مملکت میں داخلے کے بعد تین دن کا قرنطینہ  لازمی ہو گا۔ عازمین کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ پیچیدہ امراض  میں مبتلا نہ ہوں  اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران گردے کی صفائی یا  پیچیدہ امراض کی وجہ سے وہ  اسپتال  میں داخل نہ ہوئے ہوں۔

عازمین مخصوص کی گئی جگہوں پر ہی قیام  کر سکیں گے جبکہ کمروں اور ہوٹلوں میں ہجوم سے اجتناب کرنا ہو گا۔ مملکت  میں قیام کے دوران ہر حاجی کو کیٹرنگ کی انفرادی سہولت مہیا کی جائے گی۔

عازمین حج کو  جراثیم سے پاک بیگ میں پیک کنکریاں مہیا کی جائیں گی۔ جمرات آنے جانے کا مخصوص شیڈول ہو گا جس کے مطابق ایک وقت میں حجاج کی تعداد 50 سے زیادہ نہیں ہو گی۔

سعودی حکام کے مطابق اجتماعات کی روک تھام اور معاشرتی دوری اولین ترجیح ہو گی۔ حجاج کرام کی تعداد 50 مربع میٹر کے خیموں میں 50 سے زائد نہیں ہو گی۔

رواں برس سعودی حکومت نے 18 سے 60 برس تک کی عمر کے لوگوں کو حج کی اجازت دی ہے۔ مجموعی طور پر 60 ہزار فرزندان اسلام مقدس فریضہ ادا کریں گے۔