Thursday, September 19, 2024

عوام پرانے ڈیزائن کے نوٹ 30 نومبر تک تبدیل کروا لیں : سٹیٹ بینک

عوام پرانے ڈیزائن کے نوٹ 30 نومبر تک تبدیل کروا لیں : سٹیٹ بینک
March 8, 2016
کراچی (92نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر سے پہلے عوام پرانے نوٹوں کو تبدیل کروا لیں ورنہ اس کے بعد ان کی حیثیت ردی کے ٹکڑے کے برابر ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے 4 جون 2015ءکو جاری کردہ گزٹ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم دسمبر 2016ءسے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی لہٰذا اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام باقی رہ جانے والے دس‘ پچاس‘ سو اور ایک ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹوں کے اجرا کا مقصد سکیورٹی‘ پائیداری اور جمالیاتی معیار میں بہتری لانا ہے۔ کمرشل اور مائیکروفنانس بینک 30 نومبر 2016ءتک 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی وصولی اور اتنی ہی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں اور سکوں سے تبادلہ جاری رکھیں گے تاہم ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر 2021ءتک عوام سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ قبول کرتے رہیں گے۔ بینکوں میں پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن 30 نومبر 2016ءہے۔