Saturday, May 18, 2024

عوام نے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کو مذاق بنالیا

عوام نے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کو مذاق بنالیا
June 20, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے مگر عوام  نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو مذاق بنالیا، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شہریوں کو گھروں میں بند رکھنا انتظامیہ کیلئے مسئلہ بن گیا ،ماسک کے بغیر خریدوفروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔

عوام  اسمارٹ لاک ڈاؤن سے زیادہ اسمارٹ نکلے، اگر ایک گلی بند اور دوسری کھلی ہوگی تو شہریوں کو گھر سے باہر نکلنے سے کون روکے گا؟انتظامیہ کیلئے مختلف شہروں میں لوگوں کو گھر تک محدود رکھنا مشکل ہوگیا۔

کراچی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر مذاق کیا گیا ، گلی محلوں میں ٹینٹ لگاکر فرض پورا کردیا گیا، مکینوں کی آمدورفت ختم نہ ہوسکی،اندرون سندھ بھی لاک ڈاؤن برائےنام ہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے گھر کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔

لاہور میں شہریوں کو گھروں میں بند رکھنا مشکل ہوگیا، سیل شدہ علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت روکی نہ جاسکی، ماسک کی پابندی کی دھجیاں بھی اُڑائی جارہی ہیں، شہری پابندیوں پر عمل کرتے نظر نہیں آرہے۔

راولپنڈی میں لاک ڈاؤن کو شہریوں نے ہوا میں اڑا دیا، انتظامیہ نے لاک ڈاؤن میں میں3دن کی توسیع کر دی، پشاور میں بھی برائے نام لاک ڈاؤن رہ گیا، کہیں شہری خاطر میں نہیں لارہے تو کہیں پولیس اہلکار موجود نہیں۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ایس او پیز کی 9305 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی ہیں،  839 مارکیٹوں اور 3 انڈسٹریز کو سیل جبکہ  1522 گاڑیوں پر جرمانہ کیا گیا۔