Friday, September 20, 2024

عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کا اجلاس، پنجاب کے وزیراعلیٰ کا نام فائنل ہوگیا

عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کا اجلاس، پنجاب کے وزیراعلیٰ کا نام فائنل ہوگیا
August 16, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا  جس میں  پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا نام فائنل  کر لیاگیا  ۔ بنی گالا میں منعقدہ اجلاس میں جہانگیر ترین ،شاہ محمود قریشی ،فواد چوہدری ، اسد عمر سمیت دیگر راہنما شریک ہوئے ۔ اجلاس میں وزارت عظمیٰ کے الیکشن، وفاق اور پنجاب میں حکومت کی تشکیل پر مشاورت کی گئی۔ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے پنجاب کے امور،  اتحادیوں کےساتھ رابطوں اور اپوزیشن میں اختلاف کے حوالے سےبریفنگ دی ۔ مشاورتی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام فائنل  کیا گیا،بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب مڈل کلاس اور صوبے کے  پسماندہ علاقہ سے ہو گا۔ شاہ فرمان کی خیبر پختونخواہ کے وزارت اعلیٰ کے لیے نامزدگی کا اعلان کر دیا گیا ،  اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ فرمان نے گورنر ہاوس استعمال نہ کرنے اور پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدی کا میڈیا ٹاک میں کہنا تھا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ 48 گھنٹوں میں ہو جائے گا، عمران خان کو وزیر اعظم کو انتخاب میں 184 تک ووٹ حاصل ہوں گے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے انتخاب پر کوئی بدمزگی نہ ہو،ایوان کہ اندر کوئی تماشہ نہ لگایا جائے، اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا رویہ کافی مثبت ہے ، تحریک انصاف کسی بھی  سیاسی جماعت میں  فارورڈ بلاک کی  ہامی نہیں ہے۔