Tuesday, April 30, 2024

عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اپریل تک توسیع کر دی گئی

عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اپریل تک توسیع کر دی گئی
March 18, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنیوں کے کیس  میں عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اپریل تک توسیع کر دی ۔ عبدالعلیم خان آف شور کمپنیوں اور غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی  ، دوران سماعت علیم خان کے وکیل عدنان شجاع نے نشاندہی کی کہ نیب کی جانب سے ابھی تک ان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے ریفرنس دائر کرنے کیلئے مہلت مانگتے ہوئے بتایا کہ ریفرنس تیاری کے مراحل میں ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر مکمل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی جائے گی۔ عدالت نے نیب کے وکیل کی یقین دہانی پر علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 دنوں کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی عبدالعلیم خان کے عدالت میں پہنچنے پر جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما شعیب صدیقی نے  کہا کہ  نیب کو علیم خان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملے ،عنقریب لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔ شعیب صدیقی نے کہا کہ علیم خان بےشمار فلاحی ادارے چلا رہے ہیں، نیب ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، ہم ان مقدمات سے سرخرو ہوں گے۔