Tuesday, April 30, 2024

عام انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ن لیگ کے سیاسی سیل نے بنایا: تحریک انصاف، جوڈیشل کمیشن میں جواب داخل

عام انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ن لیگ کے سیاسی سیل نے بنایا: تحریک انصاف، جوڈیشل کمیشن میں جواب داخل
April 30, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) تحریک انصاف نے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پوچھے گئے تین سوالات کے جوابات جوڈیشل کمیشن میں جمع کرادیئے ہیں۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نون لیگ ہر صورت عام انتخابات جیتنا چاہتی تھی، دھاندلی کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی سیل نے بنایا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن میں جمع کرائے گئے تین سوالات کے جوابات میں موقف اختیا رکیا ہے کہ 2013ء کے عام انتخابات غیرشفاف ،غیرجانبدارانہ اور غیر منصفانہ تھے۔ پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ انتخابات میں منظم دھاندلی کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی سیل نے بنایا، مسلم لیگ (ن) کسی بھی قیمت پر الیکشن جیتنا چاہتی تھی۔ منصوبہ سازوں نے نہ صرف منظم دھاندلی کا منصوبہ ن لیگ کی قیادت کوپیش کیا بلکہ منصوبے پرعملدرآمد کا طریقہ کاربھی بتایا۔ منصوبے میں پنجاب اور بلوچستان میں غیرقانونی طریقے سے نشستیں حاصل کرنا شامل تھا۔ منظم دھاندلی کے منصوبے میں دوسری سیاسی جماعتیں یا افراد بھی بظاہرملوث ہوسکتے ہیں۔ دھاندلی کے منصوبے میں پریذائیڈنگ آفیسرز، پولنگ سٹاف اورانتخابی مشینری نے مدد فراہم کی۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ منظم دھاندلی قومی اور صوبائی بالخصوص پنجاب، سندھ اوربلوچستان کی حد تک تھی۔ تحریک انصاف کے مطابق واضح ثبوت دیئے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن نجم سیٹھی اور انتخابات کے وقت کے چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کرے ۔