Friday, September 20, 2024

طلباءشکست کے بعد دوبارہ اٹھنے اور مقابلے کا ہنر سیکھیں : عمران خان

طلباءشکست کے بعد دوبارہ اٹھنے اور مقابلے کا ہنر سیکھیں : عمران خان
March 5, 2016
پشاور (92نیوز) یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلباءاور طالبات کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کےلئے خیبرپختونخوا حکومت کے زیراہتمام میگا چیلنج کے نام سے مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہار کر اٹھ کھڑا ہواور دوبارہ مقابلہ کرکے جیتے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے قیوم سٹیڈیم میں شروع ہونے والے میگا چیلنج مقابلوں میں ملک بھر کی دو سو یونیورسٹیوں کے ایک ہزار سے زیادہ طلباءاور طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ طلبہ ڈرامہ، خطاطی، پینٹنگ اور موسیقی سمیت 26کیٹگریز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔ مقابلوں میں شریک طلبہ نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ مستقبل میں بھی اس قسم کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔ مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نوجوانوں کو زندگی میں کامیابی کی ٹپس دیتے ہوئے کہاکہ وہ زندگی میں مقابلہ کرنے اور شکست کے بعد دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے کا گر سیکھیں۔ چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہار کر اٹھ کھڑا ہو۔ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے اجتماع سے نہ صرف ان کوایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ اس سے قومی یکجہتی کو بھی فروغ ملے گا۔