Tuesday, April 30, 2024

ضلع کچہری لاہور میں فائرنگ ، ہتھکڑی لگا ملزم ہلاک

ضلع کچہری لاہور میں فائرنگ ، ہتھکڑی لگا ملزم ہلاک
July 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور کی ضلع کچہری میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی ، فائرنگ سے زیر حراست ہتھکڑی لگا ملزم  جاں بحق ہو گیا۔ ضلع کچہری لاہور میں قتل کے ملزم کو فائرنگ کرکےابدی نیند سلا دیا گیا ، ملزم ندیم راشد کیمپ جیل میں قید تھا اور آج صبح اسے پیشی کے لیے ضلع کچہری لایا گیا تھا ،آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سےرپورٹ طلب کرلی۔ ایک بار پھر پنجاب پولیس کے شیر جوان اسلحہ ضلع کچہری کے اندر جانے سے روکنے میں مکمل ناکام رہے جس کی وجہ سے کیمپ جیل میں قتل کی دفعہ 324 کے تحت سزا بھگتنے والے ندیم راشد کو پولیس کی حراست میں  کچہری میں ہی قتل کردیا گیا ۔ عینی شاہد کے مطابق گولیوں کا نشانہ بننے کےبعد ندیم راشد کی لاش 15منٹ تک زمین پر پڑی رہی لیکن پولیس کا کوئی نام و نشاں نہیں تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا گرفتار نوجوان کا نام علی حیدر ہے جس نے درینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ کی،   کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہےہیں ۔ انصاف فراہم کرنےوالے اداروں میں فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی  کاشف راجپوت نامی وکیل نے اپنےپھوپھی زاد بھائی وکیل رانا ندیم کو احاطہ عدالت میں ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ دوسرے کیس میں پیشی بھگتنے کے لئے آنے والا ملزم امجد گجر کو نشانہ بنایا گیا  فائرنگ کی زد میں آکر پولیس اہلکار آصف اقبال بھی موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا ۔