Friday, September 20, 2024

صولت مرزا اور اجمل پہاڑی کو کس نے دہشت گرد بنایا ؟ سابق ضلع ناظم

صولت مرزا اور اجمل پہاڑی کو کس نے دہشت گرد بنایا ؟ سابق ضلع ناظم
March 3, 2016
کراچی (92نیوز) مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کیا صولت مرزا اور اجمل پہاڑی قاتل پیدا ہوئے تھے؟ انہیں کس نے قاتل اور دہشت گرد بنایا؟ عمران فاروق کے قتل کے بعد گھر پر چھاپہ مارا گیا اور سب کچھ پتہ چل گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ مہاجر محب وطن لوگ ہیں۔ ان کے ڈی این اے میں پیسہ بنانا شامل نہیں۔ کراچی کے حالات خراب ہونے میں تیس سال لگے۔ مہاجروں کی دوسری نسل بھی اپنے بچوں کو قبروں میں اتار رہی ہے۔ صولت مرزا اور اجمل پہاڑی پیدائشی قاتل نہیں تھے۔ ایم کیو ایم کی قیادت کارکنوں کو قاتل بناتی تھی۔ خیابان سحر ڈیفنس کراچی میں مصطفیٰ کمال بولے تو پھر بولتے ہی چلے گئے۔ انہوں نے کہا کراچی کا بیڑا غرق ایک دن میں نہیں ہوا۔ تیس برس سے حالات خراب ہوتے رہے۔ آج پہلی نسل کی طرح دوسری نسل بھی اپنے بچوں کو دفنا رہی ہے لیکن کس کے لئے؟ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کارکنوں کو قاتل بناتی رہی۔ کیا صولت مرزا اور اجمل پہاڑی پیدائشی قاتل تھے؟ جو رات کو کہتے ہیں کہ کسی کوٹھونکنا ہے۔ صبح پتہ چلتا ہے کہ اس کی تشریح کیا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اردو بولنے والے کم محب وطن نہیں۔ ان کے بزرگوں نے قربانیاں دیں۔ مہاجروں کے ڈی این اے میں پیسہ بنانا شامل نہیں۔ یہ سب کچھ الطاف حسین کے کہنے پر ہورہا ہے۔ سابق ضلع ناظم یہ بھی کہنے لگے کہ انہوں نے ملک اورکراچی کی خاطراپنی جان خطرے میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی کوئی جائیداد نہیں کہ انہیں خوف ہو، جان انہوں نے ہتھیلی پر رکھ لی ہے۔ کراچی کے عوام بھی اپنے دل سے خوف نکال دیں۔ وہ پریس کانفرنس کے دوران کئی بار آبدیدہ بھی ہوگئے۔